وہ محفوظ ملک جہاں کئی ماہ تک کورونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا لیکن اب کورونا کی شدید لہر آگئی ، سینکڑوں کیسز رپورٹ

ویتنام (پی این آئی) کرونا وائرس پھیلاو سے محفوظ رہنے والا ملک ویتنام مہلک وبا کی نئی لہر کی زد میں، چین کے پڑوسی ملک میں 3 ماہ سے زائد عرصہ تک کوئی نیا کیس یا موت رپورٹ نہ ہوئی، تاہم رواں ماہ کے دوران اب تک 14 ہلاکتیں اور سینکڑوں نئے کیس رپورٹ ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق چین کا پڑوسی ملک

ویتنام کرونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب رہا تھا، اور اس ملک میں کئی ماہ تک کوئی نیا کیس یا ہلاکت رپورٹ نہ ہوئی تھی۔تاہم اب گزشتہ چند روز کے دوران ویتنام میں اچانک کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے لگے اور پہلی مرتبہ اموات بھی رپورٹ ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے ویتنام میں کرونا وائرس کی پہلی ہلاکت ہوئی اور اب ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ کچھ ہفتے قبل ویتنام عالمی سطح پر کرونا وائرس کے خلاف اقدامات اور اس کے پھیلاو کو روکنے کے حوالے سے ایک انتہائی کامیاب ملک تصور کیا جا رہا تھا۔جہاں دیگر ممالک مشکلات میں گھرے نظر آئے وہاں اس ملک نے تیزی کے ساتھ اور فیصلہ کن انداز میں وبا کا مقابلہ کرنا شروع کیا۔ ویتنام کی حکومت نے مارچ میں ہی اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں اور سخت اقدامات اٹھائے تھے، جس کی وجہ سے اس ملک میں مہلک وبا کے پھیلاو کو روک لیا گیا۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ جولائی کے آخر تک ویتنام بھر میں تقریباً 400 کیسز تھے مگر اب ان کی تعداد بڑھ کر 847 ہوگئی ہے۔ملک کے 14 شہروں میں کسیز سامنے آ چکے ہیں جن میں دارالحکومت ہو چی من سٹی شامل ہے۔ جبکہ تقریباً 4 ماہ بعد ویتنام میں کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑسے تجاوز کرگئی۔ دنیا بھر میں اب تک 7 لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد52 لاکھ سے زیادہ، ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد30 لاکھ 31 ہزار سے بڑھ گئی، ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔ جبکہ بھارت میں مزید681 افراد لقمہ اجل بن گئے اور یوں ہلاکتوں کی تعداد 44 ہزار سے زائدہوگئی۔

close