ٹانک: دہشتگردوں کا پولیس لائن پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ، 2 اہلکار شہید

ٹانک(پی این آئی )پولیس لائن پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں واقع پولیس لائن پر رات گئے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، دہشتگردوں نے پولیس لائن میں داخل ہوتے ہی 4 دستی بم پھینکے، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس کے مطابق حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
حملے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔
دوسری جانب خیبر میں باڑہ نالہ ملک دین خیل کے علاقے میں بھی دہشتگردوں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
حملے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق حملے میں دستی بم اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، دہشتگردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close