برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، سفری پابندیاں نرم کر دی گئیں

اسلام آباد (پی این آئی) برطانیہ جانے والے پاکستانیوں پر عائد سفری پابندیاں نرم کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے مزید کئی ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا، جس کے بعد اب ریڈ لسٹ میں موجود ممالک کی تعداد صرف 7 رہ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت وہ تمام ممالک جو ریڈ لسٹ میں شامل نہیں ہیں، انہیں ریسٹ آف دی ورلڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، اس فہرست میں شامل ممالک سے برطانیہ آنیوالے مسافروں پر عائد سخت پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے، ایسے افراد کو اب ہوٹلوں میں قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔اس حوالے سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے بھی ٹوئٹ کیا گیا ہے۔سفری پابندیوں سے متعلق برطانوی حکومت کے تازہ ترین فیصلے سے متعلق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ کرونا کی تسلیم شدہ مکمل ویکسینیشن کے ساتھ برطانیہ جانیوالے پاکستانیوں کو اب برطانیہ میں قرنطینہ سے استثنیٰ ہوگا، انہیں نادرا سرٹیفکیٹس دکھا کر صرف 2 روز کے اندر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔جبکہ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ برطانوی حکومت نے پاکستان میں لگائی جانے والی فائزر، آسٹرازینیکا اور موڈرنا کی ویکسین تسلیم کی ہیں۔ برطانوی حکام کے مطابق ریڈ لسٹ سے باہر ممالک کے ایسے مسافر جنہوں نے تسلیم شدہ ویکسینیشن نہ لگوائی ہو، کو پہلے کی طرح سفر سے 2 روز قبل، برطانیہ پہنچنے کے دوسرے اور 8ویں دن ٹیسٹ کرانا ہوگا جبکہ 10 روز کیلئے قرنطینہ کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close