جعلی شادیوں کے نام پر سادہ لوح افراد کو لوٹنے والا گروپ پاکپتن میں پکڑا گیا، لڑکی سمیت 4 گرفتار

لاہور(پی این آئی):جعلی شادیوں کے نام پر سادہ لوح افراد کو لوٹنے والا گروپ پاکپتن میں پکڑا گیا، لڑکی سمیت 4 گرفتار، پنجاب کے ضلع پاکپتن میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے شادی کا جھانسہ دے کر دلہا کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔نجی ٹی وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن

اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) نے اتوار کے روز پاکپتن میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں لڑکی سمیت تین رکنی گروہ کی گرفتاری عمل میں آئی۔اے سی ای کے افسر رانا ندیم اقبال نے بتایا کہ مذکورہ گروہ جعلی شادیوں کے نام پر سادہ لوح عوام کو لوٹتا تھا، خاتون شادی کرتی تھیں اور اگلے ہی روز گروہ کے دو کارندے گھر جاکر صفایا کردیتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا طریقۂ واردات یہ تھا کہ وہ دیہی علاقے کے کسی گھر کا انتخاب کر کے وہاں رشتہ کرتے تھے اور خاتون کی باقاعدہ شادی کرتے تھے۔ایک ملزم خود کو نکاح خواں ظاہر کرتا جبکہ دوسرا لڑکی کا گواہ بنتا تھا۔ ملزمان اگلے روز لڑکی سے ملنے کے بہانے جاتے اور وہاں سے نقدی، سونا سمیت دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع جہلم میں نوسر باز سادہ لوح عوام کے کروڑوں روپے لے کر فرار ہوگیا، ملزم راجہ ثاقب نے شہریوں کو آن لائن ٹریڈنگ کمپنی میں بڑے منافع کا لالچ دے کر گھیرا اور لوگوں کو کروڑوں روپے اکٹھے کر کے اچانک روپوش ہوگیا۔ پولیس نے شہری کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔دوسری جانب پنجاب کے علاقے حاصل پور میں بااثر افراد نے نوجوانوں پر مبینہ تشدد کیا اور پھر اُسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے متاثرہ نوجوان کی شکایت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں