کراچی(پی این آئی)پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔سی ٹی ڈی کے ٹارگٹ کلنگ ورکنگ گروپ کے انچارج علی رضا کی نگرانی میں خصوصی ٹیموں نے خفیہ اطلاع پر دو ملزمان مدثر امیر اور منہاج شاہد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن گروپ کے قصبہ کالونی علی گڑھ سیکٹر سے ہے، ملزم مدثر امیر تنظیم کا قصبہ کالونی علی گڑھ کا سرگرم کارکن ہے اور مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا بھی ممبر ہے۔پولیس کے مطابق ملزم ایک پولیس اہلکار شفیق سمیت 6 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے اور ایم ایم کیو ایم سیکٹر کیلئے غیر قانونی اسلحہ کی خریداری میں ملوث ہے۔پولیس کے جاری بیان میں بتایا کے مطابق ملزم کا بڑا بھائی ایم کیو ایم سیکٹر انچارج اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم منہاج شاہد کا ایم کیو ایم لندن ٹارگٹ کلنگ ٹیم اور پاک کالونی سیکٹر انچارج دلاور کا قریبی ساتھی ہے، جسے سیکٹر کی جانب سے پاک کالونی کے علاقے مین روڈ پر ریکی کرنے کے لئے ایک کیبن ہوٹل لگا کر دیا گیا تھا۔ملزم پر پارٹی مخالف افراد کی ریکی کرنے کا الزام ہے، ملزم ایسے افراد کی اطلاع بذریعہ فون سیکٹر کو دیتا تھا، اس کی اطلاع پر متعدد افراد کو قتل بھی کیا جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم اپنے علاقے میں پولیس اور رینجرز کے آنے کی اطلاعات بھی سیکٹر یونٹ کو فراہم کرتا تھا، جس کی بنا پر دہشت گرد محفوظ مقام پر چلے جاتے۔دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں