کراچی(پی این آئی)کراچی میں گلے پر ڈور پھر نے سے معصوم بچہ جان کی بازی ہار گیا ،کراچی میں پتنگ بازی کے شوق نے 2 سالہ معصوم بچے سفیان کی جان لے لی۔دو سالہ سُفیان اپنے والدین کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ کراچی کے علاقے ناظم آباد 2 نمبر کے قریب گلے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے
زخمی ہو گیا جب کہ والد کا بازو بھی ڈور پھرنے سے معمولی زخمی ہوا۔بچے کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم خون زیادہ بہہ جانے کے سبب سفیان دم توڑ گیا۔ بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے اہل کار سفیان کی جان بچانے کی کوشش کی بجائے پولیس کارروائی کا انتظار کرتے رہے، پولیس حادثے کے دو گھنٹے بعد اسپتال پہنچی اور اس دوران وہ انتقال کر گیا۔ دوسری جانب گلبہار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جو باپ بیٹے ہیں۔ اس سے قبل بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے کراچی کے علاقوں لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن اور ناظم آباد کے اطراف میں کئی بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور پولیس ان واقعات کی روک تھام میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔ جب کہ اسپتال کی جانب سے فوری طبی امداد فراہم نہ کرنے کا الزام بھی تشویش ناک ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں