وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی وفد کی ملاقاتیں

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جے ڈی وینس کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی اور ایرانی وفود کے تعمیری مذاکرات کے عزم کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور دونوں فریقوں کے درمیان سہولت کاری کا عمل جاری رہے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں ان مذاکرات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ یہ عمل خطے کو استحکام کی طرف لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس وقت فریقین کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کا میڈیا بھی اسلام آباد میں موجود ہے اور سب کی نظریں ان مذاکرات پر مرکوز ہیں۔

ایرانی وفد جمعہ کی شام پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی آج دارالحکومت پہنچے ہیں۔

ایرانی وفد کی قیادت ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد میں شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مذاکرات میں ایران کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے بامعنی نتائج کے حصول میں ثالثی کا کردار نیک نیتی سے جاری رکھے گا۔

ملاقات میں پاکستانی وفد کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close