اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت، شاہرائیں کنٹینرز لگا کر بند

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں یومِ القدس کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر مختلف اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ القدس عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے بعد فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد اور تمام ڈی آئی جیز سمیت سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور سیکیورٹی صورتحال کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

انتظامیہ نے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی ہے۔ خاص طور پر گندم گودام، ایران ایونیو، روات ٹی کراس اور بہارہ کہو کے مقامات پر گاڑیوں کی کڑی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی سہولت اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے جبکہ دیگر تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح ایران ایونیو آنے اور جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند ہیں جبکہ چاند تارہ فلائی اوور سے سرینا چوک تک سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ آبپارہ اور اس کے اطراف میں بھی ٹریفک کی آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے۔ سہروردی روڈ سے آبپارہ آنے اور جانے کا راستہ مکمل طور پر بند ہے، جبکہ اردوان فلائی اوور سے جناح ایونیو، کلثوم پلازہ چوک اور فضل حق روڈ تک ٹریفک معطل رہے گی۔ مزید برآں حاجی کیمپ چوک سے اسلام آباد چوک تک سڑک بند ہے، جبکہ گندم گودام سے فقیر ایپی روڈ، آئی ایٹ سے آئی جے پی ڈبل روڈ اور راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک کلب روڈ کو ایک جانب سے بند کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close