ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پر رپورٹ ، پاکستان کس نمبر پر ؟ جانیے

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پرسیپشن انڈیکس سی پی آئی 2025 جاری کر دیا ہے، جس میں پاکستان کی پوزیشن اور اسکور سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2024 کے مقابلے میں پاکستان کے مجموعی اسکور میں ایک درجے کی بہتری آئی ہے اور یہ 28 تک پہنچ گیا ہے، جبکہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان ایک درجے بہتری کے بعد 136 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران گڈ گورننس اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات کے باعث پاکستان کے مجموعی اسکور میں بہتری کا رجحان برقرار رہا ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی کے اشاریوں میں بہتری دیکھی گئی ہے بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ میں بدعنوانی کے تاثر میں بھی نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق 2024 کے مقابلے میں 2025 میں دو مزید ممالک کو سروے میں شامل کیا گیا، جس کے بعد 2024 میں 180 جبکہ 2025 میں مجموعی طور پر 182 ممالک کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2021 سے 2025 کے دوران پاکستان میں بدعنوانی کے تاثر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور گزشتہ چار سال میں پاکستان کی عالمی پوزیشن میں مجموعی طور پر چار درجے بہتری آئی ہے۔

اس سے قبل دسمبر 2025 میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی سالانہ رپورٹ میں بھی یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ تین میں سے دو شہریوں کو سرکاری اداروں میں کبھی بھی بدعنوانی یا بے ضابطگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close