پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک نے شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور ان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ نے وفد کا پرجوش استقبال کیا۔
ملاقات میں صحت، تعلیم، اپنی چھت، اپنا گھر، ستھرا پنجاب اور کلائمیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ورلڈ بینک اور پنجاب کے درمیان جاری شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ اجے بنگا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں کو سراہا۔
عالمی بینک کے صدر نے پنجاب میں جاری ٹورازم، تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کو قابلِ تحسین قرار دیا اور صوبے میں ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مستقبل میں موسمیاتی لچک، ڈیجیٹل گورننس اور جامع ترقی کے لیے تعاون اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی بھی کروائی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت ورلڈ بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور صحت و تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، جن میں خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نہ صرف آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنائے گا بلکہ اقتصادی ترقی کو بھی متحرک کرے گا۔ پنجاب حکومت نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، گورننس اور زراعت میں بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں، جن کا مقصد صوبے میں کارکردگی، شفافیت اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔
نواز شریف آئی ٹی سٹی، عالمی آئی ٹی سرٹیفیکیشنز اور ای-پروکیورمنٹ جیسے اقدامات کے ذریعے گورننس سسٹم میں بہتری لا رہی ہیں، جبکہ ورلڈ بینک کے تعاون سے آبپاشی کے نظام کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






