سرکاری ملازمین کے بچوں کے کوٹہ سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آگیا۔
11 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس نعیم اختر افغان نے تحریر کیا ہے جس میں سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کے بچوں سے متعلق تمام پالیسیز اور پیکجز کے کوٹے غیر آئینی قرار دے دیے ہیں۔سپریم کورٹ میں جی پی او کی اپیل منظور کرلی گئی جبکہ پشاور ہائیکورٹ کا 2021ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے۔کوٹے سے متعلق پرائم منسٹر پیکج فار ایمپلائمنٹ پالیسی، اس کا آفس میمورنڈم اور سندھ سول سرونٹس رولز 1974ء کے سیکشن 11 اے کو بھی کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا سرول سرونٹس رولز 1989ء کا سیکشن 10 زیلی شق 4، بلوچستان سرول سرونٹس رول 2009ء کی شق 12 کالعدم قرار دی گئی ہیں۔اشتہاریا اوپن میرٹ کے بغیر بیوہ یا بچے کا سرکاری ملازمت میں کوٹہ آئین سے متصادم قرار دیا گیا ہےکوٹہ آئین کے آرٹیکل 3 ، 4، 5 زیلی شق دو، آرٹیکل 25 اور آرٹیکل 27 سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔عدالت نے اشتہاریا اوپن میرٹ کے بغیر سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاق سمیت تمام صوبائی حکومتیں یہ پالیسی ختم کریں، عدالتی فیصلے کا اطلاق پہلے سے سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملنے والے کوٹے پر نہیں ہوگا۔عدالتی فیصلے کے مطابق فیصلے کا اطلاق دہشتگردی کے واقعات میں شہید افراد کے ورثاء پر نہیں ہوگا، عدالتی فیصلے کا اطلاق شہدا کے ورثاء کو ملنے والے پیکجز اور پالیسیز پر نہیں ہوگا۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو بھی کوٹے سے متعلق رولز نرم کرنے کا اختیار نہیں ہے، اچھی طرز حکمرانی کا حصول غیر مساوی سلوک اپنا کر حاصل نہیں کیا جاسکتا، کوٹے پر ملازمتوں کا حصول میرٹ کے خلاف ہونے کے ساتھ ساتھ امتیازی سلوک بھی ہے۔
واضح رہے کہ شہری محمد جلال نے والد کی ریٹائرمنٹ پر ملازمت کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر پشاور ہائیکورٹ نے محمد جلال کو کنٹریکٹ پر ملازمت کی ہدایت دی تھی۔پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف جی پی او نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں