مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیخلاف بے بنیاد الزامات، آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اہم فیصلے

راولپنڈی ( پی این آئی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈر ز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، آرمی چیف نے انسدادِ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران متعدد دہشتگردانہ حملوں کو کامیابی سے ناکام بنانے اور اہم دہشتگرد سرغنہ کو جہنم واصل کرنے میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے اس خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فورم نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ دہشتگردانہ حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی، فورم کو بریفنگ دی گئی کہ کس طرح افغانستان سے سرگرم دہشتگرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

close