پولنگ سے چند گھنٹے قبل کراچی میں بھی دھماکہ، جانی نقصان ہوگیا

اسلام آباد(پی این آئی)عام انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال حاجی لیمو گوٹھ میں دھماکا ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے، دھماکے کی نوعیت کا فوری طور پر علم نہیں ہوسکا۔ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم گرینیڈ لےکر باہر نکل رہا تھا، اس کے ہاتھ میں ہی گرینیڈ پھٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والا شخص ہی مبینہ طور پر گرینیڈ لے کر جا رہا تھا۔ واضح رہے کہ عام انتخابات سے ایک روز قبل آج بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 24 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان میں پہلا دھماکا ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں ہوا جس میں 14 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ دوسرا دھماکا قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی (ف) کے دفتر کے باہر ہوا جس میں 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس کےعلاوہ جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی، وہ چمن سے کوئٹہ جا رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ حافظ حمداللہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ ملک میں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ 8 فروری بروز جمعرات کو صبح 8 بجے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔