’بلے‘ کے نشان کا فیصلہ ہوگیا، سپریم کورٹ سے بڑی خبر

اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات اور بلےکے انتخابی نشان کےکیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی سے بلا واپس لینے فیصلہ سنادیا۔

 

 

 

عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی کو بلےکا نشان بحال کرنےکا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے، فیصلے کے تحت پی ٹی آئی سے بلےکا نشان واپس لے لیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں پشاور ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر دوسرے روز سماعت ہو ئی جو شام 7 بجے کے بعد بھی جاری رہی، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو اب سنا دیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےکی، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ میں شامل تھیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے دو سوالات ہیں کہ کیا عدالتی دائرہ اختیار تھا یا نہیں، کیا الیکشن کمیشن کے پاس انٹرا پارٹی الیکشن کی چھان بین کا اختیار ہے یا نہیں۔

 

 

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیےکہ پی ٹی آئی یہ تو نہیں کہہ سکتی کہ انٹرا پارٹی انتخابات کرائیں یا نہیں، ہماری مرضی،کسی کو لیول پلیئنگ فیلڈ کے نام پر ترجیح نہیں دی جا سکتی، تحریک انصاف میں لوگ الیکشن سے نہیں سلیکشن سے آئے، پوری باڈی مقابلے کے بغیر آئی،کسی اور کو پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن لڑنے ہی نہيں دیا، یہ بات واضح ہوگئی کہ اکبر ایس بابر بانی رکن تھے لیکن پھر آپ نے آئین بدل لیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ اگر 6 پینل تھے اور 6 کے 6 منتخب ہوگئے تو پھر اجتماع کی کیا ضرورت تھی۔ تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں لیڈر کی عزت کے تحت لوگ ان کے فیصلےکی مخالفت نہیں کرتے، پی ٹی آئی کے پاس بانی پی ٹی آئی جیسی قیادت ہے جس کےفیصلے پر لوگوں نے اعتراض نہیں کیا۔

 

 

اس پر چیف جسٹس نےکہا کہ معذرت کے ساتھ پھر یہ جمہوریت نہیں آمریت ہے، وہ اسے آمریت کہیں گے،کچھ عہدے داروں پر اعتراض نہ ہو سمجھ آتی ہے، مگر کسی پر اعتراض نہ ہونا سمجھ سے باہر ہے، اب اگر 8 فروری کے انتخابات میں پارلیمنٹ میں 326 لوگ بلا مقابلہ آجائيں تو کیا وہ الیکشن ہوگا ؟ عقل و دانش بھی کوئی چيز ہوتی ہے، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے آپ لیول پلیئنگ فیلڈ مانگتے ہیں، اپنے ارکان کو بھی تو لیول پلیئنگ فیلڈ دینی ہوگی۔ پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی انتخابی نشان دے دیں اس کے لیے بھی تیار ہیں، پارٹی کے انتخابی نشان کے بغیر امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے، ہر امیدوار کا الگ نشان ہو تو مسئلہ ہوگا۔

 

 

تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نےکہا کہ الیکشن کمیشن کا ہدف پی ٹی آئی کا بلے کا نشان ہے، بلے کا نشان لینا ان ووٹرز کو چوائس سے محروم کرنا ہے جو پی ٹی آئی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کا تحریک انصاف کے ساتھ دُہرا معیار ہے، آج کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہی امتیازی سلوک کی واضح مثال ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی یہ دلیل بڑی ڈرامائی ہے، مگر کیا یہ دلیل آپ نے ہائی کورٹ میں دی تھی؟ چیف جسٹس نے حامد خان سے کہا کہ اگر صرف الیکشن کمیشن آتا تو ہم چھوڑ دیتے، اب اکبر ایس بابر سامنے کھڑے ہیں تو ہم کیا کریں، اگر آپ کو غیر قانونی نکالا جائے تو آپ کیا کریں گے۔

 

 

دوران سماعت علی ظفر نے بتایا اکبر ایس بابر کو پارٹی سے نکالے جانے کا لیٹر نہیں ہے، انٹرا پارٹی الیکشن کے کاغذات نامزدگی نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کی نامزدگی کا لیٹر بھی نہیں ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا سب چھوڑیں یہ بتادیں الیکشن ہوا بھی ہے یا نہیں؟ تمام پارٹی اراکین کو یکساں موقع ملا یا نہیں؟ الیکشن کمیشن کو کاغذ کا ٹکڑا دکھا کر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ لو انتخابات کرا دیے، پی ٹی آئی تو کاغذات نامزدگی کی فیس کا بھی کوئی کاغذ نہیں دکھا رہی، پی ٹی آئی وکلا سوالات کا جواب نہیں دیں گے تو مجبوراً پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرنا ہوگا۔

 

 

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیےکہ بظاہر آج فوج کی مداخلت نظر نہیں آرہی، ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار بالکل واضح اور سخت ترین رہا، پی ٹی آئی اگر صرف الزام تراشی اور سیاسی ڈرامہ کرنا چاہتی ہے تو ادارے کم زور ہوں گے، پی ٹی آئی کے وکیل سے کہا آپ کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کا الیکشن کمیشن پر دباؤ ہے تو اس کو ثابت کریں، اسٹیبلشمنٹ کیوں الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالےگی؟ آپ جب بدنیتی کا الزام لگاتے ہیں تو بتائیں کہ بدنیتی کہاں ہے ؟ عدالت آئینی اداروں کو کنٹرول تو نہیں کرسکتی، صرف میڈیا پر الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کرنا کافی نہیں ، الیکشن کمیشن کی بدنیتی ثابت کرنا ہوگی۔ چیف جسٹس نے یہ ریمارکس بھی دیے کہ آج کل ہر کوئی اسٹیبلشمنٹ کا لفظ استعمال کرتا ہے، اصل نام فوج ہے، ہمیں کھل کر اور مکمل بات کرنی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں