اسلام آباد(پی این آئی)الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخاب سے متعلق ریکارڈ مانگ لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سابق چیئرمین تحریک انصاف کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے اپنے دلائل میں کہا کہ ہم نے انٹرا پارٹی انتخابات کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا ہے، اب اس کیس کو ختم ہو جانا چاہیے، قانونی طور پر یہ معاملہ ختم ہو گیا کیونکہ پارٹی کا نیا چیئرمین آگیا ہے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ اگر آپ اس کیس کو چلانا چاہتے ہیں تو اکبر ایس بابر پٹیشن دائر کر رہے ہیں اس کے ساتھ چلا لیں، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ خالد محمود کو موقع دے رہے ہیں وہ نئے چیئرمین کے خلاف بھی پٹیشن دائر کرے۔
درخواست گزار خالد محمود نے کہا کہ آپ آرڈر میں لکھ دیں کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں، پارٹی کا کوئی عہدہ رکھ نہیں سکتے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن لڑا ہی نہیں اس میں ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کے انتخاب سے متعلق ریکارڈ مانگ لیا اور سابق چیئرمین کی نااہلی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا جو ریکارڈکی روشنی میں سنایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں