اسلام آباد( پی این آئی) پی ٹی آئی کور کمیٹی اعلامیہ کے مطابق عمران خان تحریک انصاف کے بانی اور تاحیات چئیرمین رہیں گے، عمران خان نے جماعت کے ایک قابل اور وفاشعار کارکن کو نامزد کرکے ملک میں دہائیوں سے جاری موروثی سیاست پر کاری ضرب لگائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کورکمیٹی نے ملک بھر میں پرامن سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانےکا فیصلہ کرلیا ہے، اعلامیہ میں کہا کہ پنجاب بھر میں ورکرز کنونشن کروانے کی منظوری، انتظامی افسران کے ذریعے الیکشن پر ڈاکہ ڈالنے کو قبول نہیں کریں گے۔ ایکس پر جاری پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی نامزدگی کے بعد بلامقابلہ انتخاب پر نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سمیت تمام ذمہ داران کو مبارکباد دی گئی۔ کورکمیٹی نے نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مکمل حمایت و تعاون کی یقین دہانی کروائی اور ان کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ بانی چیئرمین عمران خان نے جماعت کے ایک قابل اور وفاشعار کارکن کو نامزد کرکے ملک میں دہائیوں سے جاری موروثی سیاست پر کاری ضرب لگائی ہے۔ کورکمیٹی پہلے ہی تاحیات چیئرمین کا منصب بانی چیئرمین عمران خان کیلئے مختص کر چکی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے ملک بھر میں پرامن سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی ورکرز کنونشن کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی، پنجاب بھر میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کا سلسلہ جلد شروع کرنے کیلئے تنظیمی ذمہ داران کو منصوبہ بندی و تیاریوں کی ہدایات جاری، کورکمیٹی کا قومی انتخابات کیلئے فنڈز کے عدم اجرا کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ نگران حکومت سے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے بغیر پس و پیش فوری فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے حوالے سے نگران حکومت کے حقیقی عزائم و اہداف سے پوری قوم آگاہ ہے۔ مالیات کی عدم دستیابی/فراہمی یا کسی بھی قسم کی غیرآئینی و غیر قانونی حیلہ سازی سے انتخابات کے طےشدہ تاریخ پر انعقاد کی راہ میں رکاوٹ قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی۔ کورکمیٹی نے عدلیہ کی بجائے ریٹرننگ افسران انتطامیہ سے لینے کیخلاف بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔ عدلیہ کی بجائے انتخابات کے انعقاد کیلئے انتظامی افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ ہر لحاظ سے انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ہے۔
انتخابات کی شفافیت متاثر کرنے کی کوئی بھی دانستہ یا نادانستہ کوشش ملکی مفاد اور جمہوریت پر مجرمانہ حملہ ہوگا، قوم ایسی کسی بھی کوشش کو قبول کرے گی نہ انتظامی افسران کے ذریعے انتخاب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت دے گی، الیکشن کمیشن فوری طور پر انتظامی افسران کی بطور آر اوز تقرری کا فیصلہ واپس لے اور غیرجانبدار عدالتی افسران کو انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری سونپے۔ کورکمیٹی نے عدالتی حکم کے باوجود قومی و بین الاقوامی میڈیا کو جیل میں بانی چیئرمین عمران خان کے ٹرائل تک آزادانہ رسائی نہ دینے پر شدید احتجاج کیا۔ کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ ملکی و غیرملکی میڈیا نمائندگان، آزاد مبصرین یا عوام کی مقدمے کی کارروائی تک رسائی روک دیے جانے سے اوپن ٹرائل کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔ سرکار عدالتی حکم ہوا میں اڑانے کی روش ترک کرے اور آئندہ سماعت پر ملکی و غیرملکی میڈیا کے نمائندوں کو بلاروک ٹوک مقدمے کی کارروائی تک رسائی دے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں