نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے اہم نام پر اتفاق کر لیا گیا

پشاور (پی این آئی)نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہو گیا۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے نام پر مشاورت کے لیے سی ایم ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی شریک ہوئے۔سی ایم ہاؤس میں ہونے والی مشاورت کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ کے پی کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے تجویز کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ہری پور سے ہے، وہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ بھی تھے۔ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام منظوری کے لیے گورنر خیبر پختوخوا کو بھیجا جائیگا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جس کے باعث صوبائی کابینہ تحلیل ہو گئی تھی اور خیبر پختونخوا میں ایک سیاسی خلا پیدا ہو گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close