پاکستان نے افغانستان سے مجرموں کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی )نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے ، افغان حکومت سے مطالبہ ہے کہ فائرنگ کرنے والے مجرم کو پاکستان کے حوالے کیا جائے تا کہ اس کیس کو پاکستان کی عدالت میں چلا کر کیفرکردارتک پہنچایا جاسکے ، پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم ہی جیتیں گے ۔

وہ بدھ کی رات خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )کے اجلاس کے بعد نگران وفاقی وزرا ء مرتضیٰ سولنگی ، گوہر اعجاز اور محمد علی کے ہمراہ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج چمن سرحد پر افغانستان کی طرف سے معصوم شہریوں پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ایک 12 سالہ بچے سمیت دو افراد شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں ،اس واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور افغان حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مجرم ہمارے حوالے کرے تا کہ اس کے خلاف پاکستان کی عدالتوں میں کیس چلا کر کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز نے اس واقعہ پر تحمل کا مظاہرہ کیا ،ایک ذمہ دار ریاست کا ایسا ہی مظاہرہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک انفارمیشن بیسڈ آپریشن کیا جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف بھرپور طریقے سے لڑ سکتے ہیں، ہم دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیتیں گے ،اس ملک کے وجود کو دہشت گرد وں سے پاک کریں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close