اسلام آباد (پی این آئی)آصف علی زرداری اور یوسف رضاگیلانی کے خلاف ریفرنسز میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ احتساب عدالت نے آصف زرداری کو جعلی بینک اکاؤنٹس اور توشہ خانہ کیس میں نوٹسزجاری کردیے۔ آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی توشہ خانہ کیس میں 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ دوسری جانب احتساب عدالت نمبر3 نے آصف زرداری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بھی 24اکتوبر کو نوٹس جاری کردیے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کیس کے بعد تفتیشی افسران،رجسٹرار احتساب عدالت نے ریفرنسز کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔ کراچی کی احتساب عدالت میں بھی ایم کیو ایم رہنما روف صدیقی کے خلاف ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ احتساب عدالت نے رؤف صدیقی اور دیگر ملزمان کو 29 اکتوبر کو طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنی مدت ملازمت کے آخری روز نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے قابل سماعت قرار دیا اور نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 ترامیم کالعدم قرار دیدیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 6 سابق وزرائے اعظم کے خلاف کیسز دوبارہ کھل گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں