پاکستانی کرنسی نے دنیا کی بہترین کارکردگی والی کرنسی کا اعزاز حاصل کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستانی کرنسی نے امریکی ڈالر کے مقابلہ میں ستمبر میں دنیا کی بہترین کارکردگی والی کرنسی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ بلوم برگ اور اسٹیٹ بینک کی جانب کردہ فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلہ میں ستمبر میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 5.4 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی جو دنیا بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق 31 اگست کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر 305.54 روپے ریکارڈکی گئی جو 26 ستمبر کو 289.80 روپے ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق کولمبیا کی کرنسی دوسرے اور موریشیس کی کرنسی تیسرے نمبرپر رہی۔ کولمبیا کی کرنسی کی قدر میں ستمبر کے دوران ڈالر کے مقابلہ میں 0.8 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈکی گئی ، اسی طرح موریشیس کی کرنسی کی قدر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 0.5 فیصد کی شرح سے نمو دیکھنے میں آئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کمی کے بعد 295 روپے کا ہوگیا تھا۔5 ستمبر کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 333 روپے تک پہنچ گئی تھی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح سے 40 روپے سستا ہوچکا ہے۔ دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر 5 ستمبر کو 307 روپے 10 پیسے تک پہنچ گیا تھا، ڈالر اب تک بلند ترین سطح سے تقریباً 19 روپے سستا ہوچکا ہے۔

close