خطے میں پائیدار امن ایس سی او رکن ممالک کی ذ مہ داری ہے ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مسائل کے حل کیلئے عالمی یکجہتی کی ضرورت ہے،عالمی امن کیلئے کشمیریوں کا حقِ خود ارادیت یقینی بنانا ہوگا۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سالانہ سربراہی ورچوئل اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا ایک بار پھر اکٹھا ہونا خوش آئند ہے، خطے میں پائیدار امن ایس سی او کے رکن ممالک کی ذمہ داری ہے ،

پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کے طور پراپنا کردار اد ا کرنے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان یورپ اور ایشیا کو منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتاہے۔ سی پیک معاشی خوشحالی، امن اور استحکام میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ریاستی دہشتگردی کی بھرپورمذمت کرنی چاہیے، ریاستی دہشتگردی کے لیے کوئی جواز نہیں ہوسکتا، پاکستان خطے میں ترقی ،خوشحالی اورامن کے لیے کوشاں ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دیں ۔

دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے ایس سی او چیئرمین شپ ملنے پر قاذقستان کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشی روابط بڑھانے سے خطے میں ترقی اور امن کوفروغ ملے گا ۔ وزیر اعظم نے ایس سی او سربراہ اجلاس تنظیم کے نئے رکن کے طور پر ایران کا خیرمقدم کرتے ہوئے بیلا روس کو بھی مکمل رکن بننے پر مبارک باد دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close