وزیر اعظم شہباز شریف کا صدر طیب ایردوان کو ٹیلی فون، صدارتی انتخاب میں شاندار کامیابی پر مبارکباد، مل کر کام کرنے کا عزم

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کو ٹیلی فون کر کے ان کی صدارتی انتخاب میں شاندار کامیابی پر مبارکبا پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیاہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے یہ بات اہم ہے کہ صدر ایردوان 28 مئی کو الیکشن میں مشترکہ اپوزیشن کو شکست دے کر 52.16 فیصد ووٹوں کی برتری سے دوبارہ منتخب ہوئے ہیں گزشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں ترکیہ نے نمایاں ترقی کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کی دانشمندانہ اور بصیرت افروز قیادت میں ترکیہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر اپنا سفر اسی رفتار سے جاری رکھے گا، مجھے یقین ہے کہ ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کے لئے اپنا اور بھی زیادہ موثر کردار ادا کرے گا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں آپ کی ذاتی وابستگی باعث تقویت اور اطمینان ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں، دونوں ممالک کی اعلی سطح سٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل کے ساتویں اجلاس کے جلد انعقاد کے خواہاں ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں اجلاس میں شرکت کےلئے آپ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کے لئے چشم براہ ہوں، آپ کی آمد دونوں برادر ممالک کی کثیرالجہتی شعبوں میں سٹریٹیجک شراکت داری کے مزید فروغ کا باعث ہوگی، ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار کیا صدر ایردوان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں