جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کا سیاست چھوڑنے کا اعلان، پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ سیاست چھوڑ رہے ہیں تو ظاہر سی بات ہے پارٹی بھی چھوڑ رہے ہیں۔

9 مئی کو کور کمانڈر ہاوس کے باہر صرف احتجاج کیلئے موجود تھا توڑ پھوڑ کی کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی، کاش 9 مئی کا دن پاکستان کی سیاست سے بھلا سکیں۔اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس کے دوران جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ہم میاں بیوی نظریاتی سیاسی لوگ ہیں اور کوشش کی کہ ہمیشہ جمہوریت کے لیے کام کریں، مگر فوج کے خلاف جو کام ہوا اور قیادت کو نشانہ بنایا گیا وہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔جمشید چیمہ نے کہا 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے، جناح ہاؤس پر حملے نہیں بلکہ صرف احتجاج کا پلان تھا۔سیاست کو چھوڑ رہے ہیں جو کہ ہمارے لیے آسان کام نہیں تھا۔ جبکہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں آج جو کچھ ہو رہا ہے ظاہر ہے یہ قابل تحسین نہیں ہے، ہم بھی انسان ہیں ایسے حالات میں سیاست جاری نہیں رکھ سکتے، بیٹا کینسر کا مریض ہے میرے کیلئے اہل خانہ کی زندگیاں زیادہ اہم ہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کی شام کو جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کے نظربندی کے احکامات منسوخ کردیئے گئے تھے۔جس کے بعد دونوں میاں بیوی جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا،جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ اڈیالہ جیل سے رہا ئی کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئے تھے۔

جمعرات کی شامل سے ہی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا۔ جبکہ پی ٹی آئی رہنماء ملیکہ بخاری نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا، انہوں نے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، ایک سرخ لکیر تھی جس کو کراس کیا گیا یہ نہیں ہونا چاہیئے تھا۔پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہوں، پارٹی چھوڑنے کیلئے ہر کسی کی اپنی وجوہات ہوسکتی ہیں، لیکن پی ٹی آئی کو چھوڑنے کیلئے مجھ پر کوئی زور زبردستی یا دباؤ نہیں ہے، جیل کی مشکلات کا سامنا کرنا بڑا مشکل ہے، میں نے دلیری اور بہادری سے جیل کی مشکلات کا سامنا کیا۔ جیل میں میرے ساتھ کسی نے بدسلوکی نہیں کی۔ لیکن مئی کے مہینے میں جیل میں ایک دن گزارنا مشکل ہوتا ہے۔میں اپنی فیملی اور پروفیشن کو وقت دینا چاہتی ہوں ۔ چاہتی ہوں بطور وکیل پاکستان کیلئے کردار ادا کروں ۔ پاکستان میں امن کی خواہاں ہوں، ملک میں امن کو ترجیح دینی چاہیئے اور ترجیحات کو درست سمت میں لے کر جانا چاہیئے۔ تحریک انصاف اور محب وطن پاکستانیوں کو ملک کی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیئے۔ تفتیش ہوگی تو ملوث عناصر منظر عام پر آئیں گے اور ان کے خلاف کاروائی بھی پاکستان کے آئین قانون کے مطابق ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close