فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے، فوج اور عوام میں دراڑ کی کوشش قابل برداشت ہے نہ قابل معافی، جنرل عاصم منیر نے خبردار کر دیا

لاہور(آئی این پی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج اور عوام میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔آرمی چیف نے جناح ہاس اور فوجی تنصیبات کا بھی دورہ کیا جن پر شرپسندوں نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی تھی،

کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورہ کے موقع پر آرمی چیف کو 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز میں افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث منصوبہ سازوں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے،

آرمی چیف نے مادر وطن پر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سروسز ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا، انہوں نے ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close