عمران خان ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے

اسلام آباد (پی این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان بغاوت پر اکسانےکے مقدمے میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔عمران خان زمان پارک لاہور سے بڑے قافلے کے ہمراہ بذریعہ موٹر وے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے ہیں۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق ہائی کورٹ پہنچنے پر عمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت داخل ہونے سے روک دیا گیا۔پ

ی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں داخلےکی اجازت کے لیے درخواست دائرکردی گئی۔عمران خان کے وکلاء نے اسلام آباد ہائی کورٹ کےرجسٹرار کو درخواست جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہیں، ان کی جان کو خطرات ہیں، ان کی گاڑی کو عدالتی احاطےمیں داخلےکی اجازت دی جائے۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں،

عمران خان کی آمد سے قبل کمرہ عدالت خالی کرا یا گیا اورکمرہ عدالت کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نےکلیئرکیا۔ ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی ہائی کورٹ کی سکیورٹی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔عمران خان پر عسکری حکام پر الزامات کے تناظر میں بغاوت پر اکسانےکا کیس ہے، ان کے خلاف مجسٹریٹ کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔عمران خان کی لاہور ہائی کورٹ سے حاصل کردہ حفاظتی ضمانت 26 اپریل کو ختم ہوچکی ہے۔

عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کرتے ہوئے آج ہی درخواست ضمانت پر سماعت کی استدعا کی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ شدید سکیورٹی تھریٹس ہیں، جس کی وجہ سے دوبارہ قاتلانہ حملہ ہوسکتا ہے،عدالت ٹرائل کورٹ کے بجائے خود عبوری ضمانت منظور کرے۔عمران خان کی پیشی پر کیپٹل پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا ہے، جی ٹین پروجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورژن ہوگی، شہریوں کو متبادل راستوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close