عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف قرارداد لانے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور(پی این آئی) سپریم کورٹ کا فیصلہ، عمران خان نے قرارداد لانے والوں کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مشاورت اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوامی سمندر نے ان امپورٹڈ حکمرانوں کو دن میں تارے دکھا دئیے ہیں، نااہل حکومت جتنا مرضی رو دھو لے الیکشن ہر صورت میں ہو کر رہیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف غیر آئینی قرارداد لانے والوں کے خلاف نااہلی کا ریفرنس داخل کر رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی اورعوام عدلیہ کے تحفظ، آئین کی سربلندی کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔

انشاء اللہ عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کر رہا ہوں۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی غیر آئینی قراردادیں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں روک سکتیں، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد شروع کر کے عقلمندی کا ثبوت دیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف کو مشورہ ہے کہ الطاف حسین کے انجام سے عبرت حاصل کریں، مریم نواز، رانا ثنا اللہ اور وزیر قانون کے احمقانہ مشوروں نے حکومت اور پی ڈی ایم کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ حکومت کی بھلائی اسی میں ہے کہ ہٹ دھرمی اور غیر آئینی روش ترک کردے، الیکشن کے بعد پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کا سفر ازسر نو شروع کریں گے، نواز شریف لندن بیٹھ کے الطاف حسین کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں