پشاور (پی این آئی) پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں پہلا روزہ کل 23 مارچ بروز جمعرات کو ہو گا۔
پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبد الخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی، تاہم بہاولپور، صوابی، رحیم یار خان اور دیگر کچھ اضلاع سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہو گئی، یوں پاکستان میں کل 23 مارچ بروز جمعرات کو پہلا روزہ ہو گا۔ اس سے قبل رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلامیہ معمول سے زیادہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا۔ اس حوالے سے جیو نیوز کے مطابق پشاور اور مردان سے چاند دیکھنے کی 5 شہادتیں ہونے کی اطلاعات آئیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو شہادتیں باقاعدہ موصول ہونے کا انتظار تھا، اسی لیے چاند کی رویت کا اعلان تاخیر کا شکار ہوا۔ جبکہ اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان، سندھ میں چاند نظر نہیں آیا، 4 زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوئی۔ بتایا گیا کہ 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد تھی۔ بدھ کے روز غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ پر ہوا۔
جبکہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوا۔ یوں غروب آفتاب کے بعد 51 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان موجود تھا۔ بدھ کے روز سب سے پہلے لاہور کی زونل رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت سے متعلق باقاعدہ اعلان کیا۔اعلامیہ کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹی کو صوبائی دارالحکومت میں چاند کی رویت کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہ ہوئی۔ لاہور میں ماہ مبارک کا چاند شام 7 بجکر 5 منٹ تک نظر آنے کا امکان تھا، تاہم موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہ آ سکا۔ محکمہ موسمیات نے بھی کہا تھا کہ موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکانات انتہائی کم ہیں۔ بتایا گیا کہ بدھ کے روز رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک کے کچھ علاقوں میں مطلع صاف جبکہ کچھ علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں