پورا ملک شدید زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھا، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، شدت کیا تھی؟

اسلام ٓباد(پی این آئی)اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے۔ زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ اب تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اٹھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں