لاہور(آئی این پی)نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ لاہور میں قتل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کے کیس میں عمران خان اور یاسمین راشد بھی گرفتار ہوں گے،ظل شاہ کیس پر یہ کہانی بنانے اور جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، آپ ظل شاہ کی لاش کو اسپتال چھوڑ کر بھاگ کیوں گئے، تین دن سے پتہ تھا تو چھپ کیوں رہے تھے،
یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ خان صاحب اس معاملے میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، عمران خان شرمندہ ہونے کے بجائے مزید ریلیوں کی کال اور جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عامر میر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن تو ایسے معاملے میں بنتا ہے جہاں کوئی ابہام اور تنازع ہو، کیس کے تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں، شواہد مٹانے اور مسخ کرنے کے جرم کی کوشش کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، ایک آدھ دن میں پولیس گرفتاری کرے گی، اس کیس میں راجہ شکیل زمان، یاسمین راشد اور عمران خان بھی گرفتار ہوں گے،لاہور میں دفعہ 144کے نفاذ کے حوالے سے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا لاہور میں تین بڑے ایونٹ ہونے جا رہے تھے تو تحریک انصاف نے ریلی کا اعلان کر دیا، کوئی بھی سیاسی جماعت 8مارچ یا 12 مارچ کو کوئی بھی سیاسی سرگرمی کرتی تو اسے روک دیا جاتا، اس معاملے کا تحریک انصاف اور ن لیگ سے موازنہ نہ کریں،عامر میر کا کہنا تھا میرا نہیں خیال کہ (آج) لاہور میں دفعہ 144لگے گی، تحریک انصاف ریلی نکالنا چاہتی ہے تو ضرور نکالے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں