امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیش کش کرتے ہوئے شرط عائد کر دی

واشنگٹن (پی این آئی) امریکہ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کر دی ہے۔۔۔۔ امریکی ترجمان نے دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاہم یہ فیصلہ دونوں ممالک نے خود کرنا ہوگا۔۔۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعمیری بات چیت کی حمایت کرتے ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کی گزشتہ دنوں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں امریکہ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے امن و سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔۔۔۔ اسی حوالے سے ترجمان نیڈ پرائس سے سوال ہوا کہ پاکستان نے متعدد بار انڈیا کو مذاکرات کی پیشکش کی لیکن انڈیا نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا تو جب انڈین اور امریکی حکام کے درمیان بات چیت ہوتی ہے تو وہ کیا کہتے ہیں۔ اور وہ کیوں پاکستان سے حل طلب مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتے۔؟ اس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ میں اس پیغام پر بات کروں گا جو ہم نے انڈیا اور پاکستان دونوں کو بھیجا ہے۔ ہم انڈیا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے سفارتکاری کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم اس عمل کی ہر طرح سے حمایت کرنے کے لیے تیار ہیں جیسے وہ مناسب سمجھیں لیکن یہ فیصلہ انڈیا اور پاکستان نے خود کرنا ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں