اسلام آباد(پی این آئی)سابق صدر پرویز مشرف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف انتقال کر گئے۔نجی نیوز چینل کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ سابق صدر پرویز مشرف کافی عرصے سے علیل تھے اور دبئی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے ۔سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔ بعد میں ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی
اور 1961ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔سابق صدر پرویز مشرف نے بعد میں اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998ء کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔انہوں نے 12 اکتوبر 1999ء کو نواز شریف حکومت ختم کر کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ سنبھالا۔پرویز مشرف نے نائن الیون کے حملے کے بعد فرنٹ لائن اتحادی بننے کی امریکی پیشکش قبول کی۔اپریل 2002ء میں
ریفرنڈم کرا کے پرویز مشرف باقاعدہ صدرِ پاکستان منتخب ہوئے۔پرویز مشرف 2004ء میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے باوردی صدر منتخب ہوئے۔جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے نومبر 2007ء میں آئین مخالف اقدامات کر کے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو معزول کیا۔ وہ 18 اگست2008ء کو صدارت سے مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلے گئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں