شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، عدالت نے بڑا حکم جاری کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔تفصیلات کے مطابق آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار شیخ رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔تفتیشی افسر کی جانب سے شیخ رشید کے

مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ شیخ رشید کا وائس میچنگ ٹیسٹ کرایا ہے، شیخ رشید کا فوٹو گرامیٹرک ٹیسٹ کرانا باقی ہے۔شیخ رشید نے عدالت میں بیان دیا کہ جس طرح پولیس نے رکھا اس سے بہتر ہے مجھے موت کی سزا سنا دیں، مجھے کچھ ہوا تو 5 لوگ مجرم ہوں گے، مجھے کچھ ہوا تو آصف زرداری، بلاول بھٹو، محسن نقوی، شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ مجرم ہوں گے۔ان کا کہنا تھا مجھے کرسی سے باندھے رکھا گیا،

مجھے اسپتال بھیجا جائے، پیروں اور ہاتھوں پر خون ہے، میری پٹیاں کرا دی جائیں، مجھے رینجرز کی سیکورٹی چاہیے۔عدالت کے حکم پر شیخ رشید کی ہتھکڑیاں کھول دی گئیں، عدالت نے کہا مجھے زخم دکھائیں جو آپ کو ہیں، جس پر شیخ رشید نے ہاتھوں پر لگے زخم جوڈیشل مجسٹریٹ کو دکھائے۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا عمران خان نے جو کہا وہ ٹھیک کہا، پولیس نے کل میری تین بار ریکارڈنگ کی ہے، میرے دونوں موبائل پولیس کے پاس ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close