راولپنڈی (پی این آئی) راولپنڈی میں محکمہ متروکہ وقف املاک نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے دو یونٹس سمیت سات اراضی یونٹس سیل کر دیے ہیں۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ لال حویلی پہنچ کر کارروائی کی، دوران کارروائی شیخ رشید موجود نہ تھے، کارروائی پر کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لال حویلی کے خلاف کارروائی کے دوران ایف آئی اے سے بھی مدد طلب کی گئی۔
اس حوالے سے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی لال حویلی سمیت وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس پر غیرقانونی قابض ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ متعدد نوٹسز کے باوجود شیخ رشید اراضی کے مستند دستاویز پیش نہیں کرسکے۔ یہ بات اہم ہے کہ متروکہ وقف املاک کی کارروائی رکوانے کے لیے شیخ رشید کی حکم امتناع کی درخواست عدالت خارج کر چکی ہے۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لال حویلی اور ملحقہ اراضی کا کیس زیر سماعت ہے اس لئے لال حویلی سے بے دخلی کا نوٹس اور کارروائی غیر قانونی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں