چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ دے دیا

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپسی کا مشورہ دے دیا ہے۔ قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کے ارکان کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے حوالے سے کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیے کہ عوام نے آپ کو 5 سال کے لیے منتخب کیا، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کروڑوں افراد اس وقت سیلاب سے بے گھر ہو چکے ہیں، ملک کی معاشی حالت بھی دیکھیں، پی ٹی آئی کو اندازہ ہے کہ123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہوں گے؟

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے گہرائی سے قانون کا جائزہ لے کر فیصلہ دیا، اسپیکر کے کام میں اس قسم کی مداخلت عدالت کے لیے کافی مشکل کام ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اسپیکر کے مرحلہ وار استعفے منظور کرنے کی قانونی حیثیت ہے، بظاہر اسپیکر کے اختیار میں مداخلت سے آرٹیکل 69 متاثر ہو سکتا ہے، عدالت کو مطمئن کریں کہ ہائی کورٹ کے حکم میں کیا کمی ہے؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close