اسلام آباد(پی این آئی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی اسلحہ برآمدگی کے کیس میں ضمانت منظور کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوٹی مجسٹریٹ نصیر الدین نے شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پچیس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔شہباز گل کی جانب سے وکیل علی بخاری نے عدالت میں دلائل دیے تھے۔یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں
شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے سیٹیلائٹ فون اور پستول سمیت کئی اشیاء برآمد کی گئی تھیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل خارج کرنے کا عدالتی فیصلہ اور دو روزہ ریمانڈ کے لیے سرکار کی اپیل منظور کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔سپریم کورٹ میں شہباز گِل کی دائر اپیلوں میں ایڈیشنل سیشن جج وفاق،ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔اپیل میں آئی جی اسلام آباد، ایس ایچ او تھانہ کوہسار،
بیرسٹر غلام مصطفیٰ چانڈیو کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کاجسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیشن جج زیبا چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بھی کالعدم دیا جائے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز گِل کے خلاف 12 اگست کے بعد کی تمام تحقیقات،شواہد کو غیر قانونی قرار دیا جائے، اُن کی حراست کو غیر قانونی اور بنیادی حقوق کے خلاف ڈکلیئر کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں