اٹک پولیس سے رہائی کے بعد چکوال پولیس نے اینکر عمران ریاض کو گرفتار کر لیا

اٹک (پی این آئی) ٹی وی اینکر عمران ریاض کی اٹک پل سے رہائی کے فوری بعد چکوال پولیس نے ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔ اٹک پولیس کی تحویل میں 33 گھنٹے گزارنے کے بعد چکوال پولیس نے گرفتار کر کے عمران ریاض کو چکوال منتقل کر دیا ہے ۔ اس سے پہلے ایک ڈرامائی پیش رفت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ اٹک نے ٹی وی اینکر عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔

گزشتہ رات اٹک کے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر تنویر نے ریمارکس دیے کہ اینکر عمران ریاض کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینکر عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرنے کا آٹھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔یہ بات اہم ہے کہ اٹک پولیس نے اینکر عمران ریاض کو گرفتار کرکے 3 دن کےجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی گرفتاری سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے ان کے وکیل کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں