لاہور(آئی این پی)لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے آج جمعرات کو جلسے کے حوالے سے تحریک انصاف کو ایک اور مراسلہ جاری کردیا۔مراسلے کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان بلٹ پروف گاڑی میں سفرکریں اور ان کی گاڑی کی کھڑکیاں اورچھت مکمل بند ہونی چاہیے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خطاب کی جگہ اور سامنے لگنے والا شیشہ بھی بلٹ پروف ہونا چاہیے، جلسہ گاہ میں بیک اپ جنریٹرز موجود ہونے چاہیے تاکہ بجلی کی بندش پر ناخوشگوار واقعے سے بچاجاسکے۔
مراسلے کے مطابق اسٹیج، خواتین اور مردوں کے داخلی دروازوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی جبکہ جلسہ گاہ میں ایمرجنسی انخلا کے راستے بھی یقینی بنائے جائیں اور پولیس کے ساتھ جلسہ گاہ کے باہر قناطیں اورباڑلگانیکاکام مکمل کیاجائے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ انتظامیہ یقینی بنائے کہ اسٹیج اور وی آئی پی جگہ پرکوئی نامعلوم شخص داخل نہ ہوسکے۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جلسہ انتظامیہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون یقینی بنائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈپٹی کمشنر لاہور نے مینار پاکستان پر جلسے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو خط لکھ کر سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک میں جلسے کر رہے ہیں۔ پہلا جلسہ پشاور، دوسرا کراچی اور کل لاہور میں تیسرا جلسہ ہوگا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں