قومی اسمبلی کا اجلاس آج عدم اعتماد کی تحریک ایجنڈے میں شامل

اسلام آباد (پی این آئی) پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو رہا ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی ایجنڈا آئٹم میں شامل ہے۔ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری، مسلم لیگ ن کے صدر، اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔

پارٹی ہاؤس میں ایک صحافی نے آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ ملکی سیاست کا اہم موڑ آ گیا ہے، آپ کیا کہتے ہیں؟ سابق صدر نے جواب دیا کہ میں کہتا ہوں کہ ان شاء اللّٰہ بہتر ہو گا۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے پارلیمانی اجلاس میں اسٹریٹیجی طے کی جائے گی۔ ایک صحافی نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ کیا بیک ڈور معاملات طے ہو رہے ہیں؟

شہباز شریف نے الٹا ان سے سوال کر دیا کہ کس نے کہا ہے کہ اس طرح معاملات طے ہو رہے ہیں؟ اجلاس سے پہلے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپوزیشن چیمبر میں زاہد حامد اور دیگر پارٹی ارکان سے مشاورت بھی کی…

close