ابوظہبی (پی این آئی) سابق افغان صدر اشرف غنی نے متحدہ عرب امارات میں پناہ لے لی، وزارت خارجہ متحدہ عرب امارات نے تصدیق کی ہے کہ سابق افغان صدر اشرف غنی یواے ای میں موجود ہیں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اشرف غنی کو یواے ای میں آنے کی اجازت دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق افغان صدر اشرف غنی طالبان کی جانب سے افغانستان پر قبضے کے بعد اپنے نجی طیارے پر ملک سے فرار ہوگئے تھے، ان کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ وہ تاجکستان چلے گئے ہیں، لیکن تاجک وزارت خارجہ نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سابق افغان صدر اشرف غنی تاجکستان میں نہیں آئے۔اب وزارت خارجہ یواے ای نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ سابق افغان صدر اشرف غنی یواے ای میں موجود ہیں، وزارت خارجہ یواے ای نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اشرف غنی کو وطن آنے کی اجازت دی، اشرف غنی اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ اپنے ولاز میں رہائش پذیر ہیں۔افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ سابق افغان صدر اشرف غنی لوٹی ہوئی دولت کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں۔مزید برآں افغان میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ تاجکستان میں افغان سفارتخانے نے انٹرپول کے ذریعے سابق افغان صدر اشرف غنی، حمد اللّٰہ محب اور فضل محمود فضلی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ افغان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تاجکستان میں افغان سفارت خانے نے انٹر پول سے مطالبہ کیا کہ وہ اشرف غنی، حمد اللّٰہ محب اور فضل محمود فضلی کو افغانستان کا قومی خزانہ چرانے کے الزام میں گرفتار کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں