کابل (پی این آئی)طالبان بہت جلد ملک میں امارات اسلامیہ افغانستان یعنی اپنی حکومت کے قیام کا اعلان کردیں گے ،بھارتی میڈیا کے مطابق طالبان کے سیاسی سربراہ ملا برادر کو افغان صدر بنائے جانے کا امکان ہے ۔ملا ہیبت اللہ سپریم کمانڈر ہونگے۔ عبوری حکومت 6ماہ کے لئے ہوگی جو مستقبل کی حکومت بنائے گی۔ طالبان نے علی احمد جلالی اور عمر درس گئی کو عبوری سربراہ بنانے کی مخالفت کر دی۔علاوہ ازیں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ میں ملک میں ہی رہوں گا اور بات چیت سے مسائل حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہوں۔میڈیارپورٹس کے مطابق حامد کرزئی نے اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں۔دوسری جانب مرحوم افغان رہنما احمد شاہ مسعود کے صاحبزادے احمد مسعود نے کہاہے کہ طالبان بندوق کے زور پر نظریات ملسط نہ کریں تو ان سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ استحکام اور باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی حل پریقین رکھتاہوں، اپنے والدکی طرح کبھی بھی غیر ملکی طاقت کی ڈکٹیشن قبول نہیں کروں گا۔افغانستان کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے احمد مسعود کا کہنا تھا کہ اشرف غنی افغان عوام کو سکیورٹی اور سیاسی قیادت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کوپاکستان کے ساتھ ایماندارانہ اسٹریٹجک شراکت داری کی ضرورت ہے، پاکستان اور افغانستان کو سیاسی استحکام اور سلامتی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ والد احمد شاہ مسعود پاکستان سے باہمی احترام پر مبنی مضبوط تعلقات چاہتے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں