اسلام آباد (پی این آئی ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مسلم کانفرنس کے قائد سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کی تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار عثمان علی خان بھی موجود تھے۔ مسلم کانفرنس کے میڈیا سیل سے جاری کی جانے والی خبر کے مطابق ملاقات میں آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال، مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کے حوالے سے طے پایا کہ دونوں جماعتیں تحریک انصاف اور مسلم کانفرنس ملکر الیکشن میں حصہ لیں گی اور الیکشن کے بعد ملکر حکومت سازی کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف اور مسلم کانفرنس کے درمیان تقریباً دو ہفتے سے مذاکرات جاری تھے۔ بالآخر وزیر اعظم پاکستان اور قائد مسلم کانفرنس کی ملاقات میں دونوں جماعتوں کا ملکر چلنے پر اتفاق ہوا ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں