آخرکار طویل انتظار ختم ہوا، وزیراعظم عمران خان نےانتخابات جلد کرانے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتیں عوام کی ضرورت ہیں، ہر صورت انتخابات کروائیں گے، پارٹی تنظیم بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت

اجلاس ہوا جس میں سیاسی صورتحال، انتخابی اصلاحات اور بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں پارٹی تنظیم کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل جلد حل ہوں گے۔ بلدیاتی حکومتیں عوام کی ضرورت ہیں، ہر صورت انتخابات کروائیں گے۔اس موقع پر پرویز خٹک نے مشورہ دیا کہ موجودہ ماحول میں بلدیاتی انتخابات نہ کروائے جائیں۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم اور انتخابی اصلاحات کیلئے 10 رکنی سیاسی کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔سیاسی کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اور غریبوں کو سبسڈیز سے متعلق بھی تجاویز پیش کرےگی۔ سیاسی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم سے ملاقات کرے گی جس میں روزانہ کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ سیاسی کمیٹی میں شفقت محمود، عامر کیانی، سیف اللہ نیازی، شبلی فراز، پرویزخٹک، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، شیخ رشید بھی شامل ہیں۔ پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن سے رابطوں اور مذاکرات کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا جائےگا۔ چاہتے ہیں تمام جماعتیں اس کمیٹی میں شرکت کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ آئیں بیٹھیں اوراس حوالے سے قانون سازی کریں۔ ہم چاہتے ہیں انتخابی اصلاحات پرتمام متفق ہوں۔ پارلیمانی کمیٹی کے ٹی او آرز تو خود کمیٹی طے کرے گی۔ پارلیمانی لیڈرز کو اس پارلیمانی کمیٹی کا ممبر بنا رہے ہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات اپوزیشن اور حکومت دونوں کا مطالبہ ہے۔ اختلافات اور سیاست اپنی جگہ لیکن سب کو اس معاملے پر بیٹھنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں