’’کرونا کیسز میں اضافہ ، این سی او سی کا اجلاس ‘‘ اسکولز اور تعلیمی اداروں پرپابندیاں دوبارہ نافذ

اسلام آباد (پی این آئی )وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان اور شفقت محمود این سی او سی کے اجلاس کے بعد بریفنگ دے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور ہمارے ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے کچھ فیصلے کیے ہیں۔ نجی ٹی وی جیو کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں شام 6 بجے تفریحی پارک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ اسلام آباد میں دفاتر میں 50 فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر بھی عملدرآمد جاری رہے گا۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ سنیما ہالز کو 15 مارچ سے کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے اور ہوٹلوں کے اندر کھانے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔اس موقع پر وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے کورونا سے متعلق تعلیمی تناظر کو بھی دیکھا کیونکہ ہمارے 5 کروڑ بچے تعلیمی اداروں میں جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان میں حالات ٹھیک ہیں، وہاں کے لیے فیصلہ کیا گیا ہےکہ 50 فیصد بچے روز اسکول آئیں گے اور تمام ایس او پیز کے ساتھ عملدرآمد ہوتا رہے گا۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پنجاب، کے پی اور آزاد کشمیر میں کچھ مسائل نظر آتے ہیں، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، اسلام آباد ، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں 15 مارچ سے تعلیمی ادارے 2 ہفتوں کے لیے بند ہوں گے اور بہار کی چھٹیاں ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close