لاہور(پی ا ین آئی )وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کینسر کے علاج کے لیے تعمیر کیے گئے شوکت خانم ہسپتال کا نام تبدیل کرکے فاطمہ جناح رکھنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ، میڈیا رپورٹس کے مطابق شوکت خانم ہسپتال کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد خلیل طاہر سندھ کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میںجمع کروائی گئی ہے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کا نام فاطمہ جناح کے نام سے منسوب کیا جائے۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں خلیل طاہر سندھو کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے زمین الاٹ کی تھی، لہذا شوکت خانم ہسپتال کا نام تبدیل کرکے فاطمہ جناح ہسپتال رکھ دیا جائے۔دریں اثنا مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان سے فوری مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد بھی پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ مسلم لیگ(ن) کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عوام کے بعد پارلیمنٹ میں بھی اپنا اعتماد کھو چکے ہیں،پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے امیدوار یوسف رضاگیلانی کی جیت اس کا واضح ثبوت ہے،وزیراعظم عمران خان ملک کا نظام چلانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں،وزیراعظم عمران خان اب ملک چلانے کے اہل نہیں رہے ان کوفوری وزارت عظمیٰ سے الگ ہو جانا چاہیے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات میں یوسف رضاگیلانی کی کامیابی پر پی ڈی ایم کی لیڈر شپ کو مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد بھی پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ رکن اسمبلی سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئیقرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضاگیلانی کی تاریخی جیت پر لیڈر شپ مبارکباد کی مستحق ہے،اس کامیابی پر نوازشریف،مریم نواز کو خصوصی طو رپر مبارکباد پیش کرتے ہیں،نواز شریف اور مریم نواز کی پاکستان میں آئین کی بحالی اور سویلین بالادستی کی جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں