پولیس جب کمرے میں داخل ہوئی تو میں سو رہی تھی پولیس نے دروازہ توڑ کر کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتار کیا مریم نواز نے دعویٰ کردیا، توڑ پھوڑ کی تصاویر بھی جاری

کراچی( پی این آئی ) مسلم لیگ( ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پولیس نے نجی ہوٹل کے کمرے سے حراست میں لے لیا ہے ،مریم نواز نے شوہر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہوٹل کے دروازے توڑ کر کمرے میں داخل ہوئی ۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ جب پولیس ان کے کمرے میں دروازہ توڑ کر داخل ہوئی

تو وہ سو رہی تھیں۔کیپٹن(ر) صفدر کو مزار قائد تقدس پامالی کیس میں گرفتار کرنے کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا گیا۔پیر کی صبح مزار قائد تقدس پامالی کا مقدمہ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں درج کیا گیا۔مقدمہ تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کے بعد درج کیا گیا جس میں مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر سمیت دیگر 200 افراد نامزد ہیں۔مقدمے میں مزار قائد کے تقدس کی پامالی کی دفعات سمیت جان سے مارنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل ہیں۔گرفتاری کے موقع پر کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا بلکہ مزار قائد پر صرف مادر ملت اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا،جیلوں میں جانے سے نہیں گھبراتے ،مخالفین تمام ہتھکنڈے استعمال کر کے دیکھ لیں لیکن ووٹ کی حرمت کی اجازت نہیں دینگے ،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ گھر گھر پہنچ چکا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے دوران کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نعرے بازی شروع کردی تھی اور مزار قائد کے احاطے میں ”ووٹ کو عزت دو” کے نعرے لگائے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں