پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں پھیلے پاکستانی آج کشمیری عوام سے اظہارِ یک جہتی کے لیے “یومِ استحصالِ کشمیر” منا رہے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان آج مظفر آباد کا دورہ کریں گے

اسلام آباد (پی این آئی)کشمیریوں کی آواز عالمی برادری تک پہنچانے کے لیے پوری قوم تیار ہو گئی ہے۔پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں پھیلے پاکستانی آج کشمیری عوام سے اظہارِ یک جہتی کے لیے یومِ استحصالِ کشمیر منا رہے ہیں۔گزشتہ سال آج ہی کے دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے اور جموں و

لداخ کو کشمیر سے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی۔یومِ استحصال پر کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان آج مظفر آباد کا دورہ کریں گے۔وزیرِ اعظم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ تمام کشمیریوں کے سفیر کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔اقوام متحدہ اپنی قراردادوں میں واضح طور پر قرار دے چکی ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ خود کشمیری ایک ریفرنڈم کے ذریعے کریں گے۔کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے حکومت اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں بھی متحد ہیں۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے اور غاصبانہ قبضے کے خلاف آزاد کشمیر بھر میں بھی آج بھارت کے خلاف یومِ استحصال منایا جا رہا ہے۔آزاد کشمیر میں اس حوالے سے خصوصی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔یوم استحصال کشمیر پر آج کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے احتجاجی جلسے منعقد کیے جا رہے ہیں اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ملک بھر کی طرح سکھر اور جہلم میں بھی کشمیری عوام سےاظہارِ یک جہتی کے لیے یومِ استحصال منایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں