اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنے کو تیار ہے، ہم کورونا کے معاملے پر بیک ڈور بیٹھنے کو بھی تیار ہیں، آپ اپنی بیٹنگ لائن کو تبدیل کریں، ان لوگوں کو فرنٹ لائن پر لائیں، جو سمجھدار اور تجربہ کار ہوں،جن کو تمیز ہو،سندھ نے عوام
کو ریلیف دینا چاہا، تو گورنر سندھ نے ریلیف آرڈیننس پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔انہو ں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کی جہالت کی وجہ سے ان کو کورونا لگ گیا، یہ سیاست کا وقت نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں چاہیے تھا کہ ہمارا وزیراعظم ملک کو لیڈکرتا، وہ ملک کا وزیراعظم بنتا نہ کہ وہ کہتا کہ میں تحریک انصاف کا وزیراعظم ہوں۔بہتر ہوتا کہ وزیراعظم آج ایوان میں ہوتے۔ پیپلزپارٹی نے پہلی پریس کانفرنس میں دومحاذوں کی بات کی تھی، ایک ہم نے کورونا سے لڑنا ہے، دوسرا معیشت کو بحال کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں نے ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافہ کیا ہے، 6ہزار تک ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت کی طرف جن لیبارٹریز کا وعدہ کیا وہ ابھی تک نہیں دی گئی، یہ امداد کے پی کو بھی نہیں دی گئی۔سندھ اور کے پی نے 90فیصد وسائل اپنے استعمال کیے ہیں۔ٹیسٹنگ صلاحیت کم ہونے سے شرح اموات بڑھی ہیں، کے پی میں اموات کی شرح زیادہ ہے۔کیونکہ وہاں ٹیسٹ کم ہورہے ہیں۔کورونا کیخلاف وفاقی حکومت کو صوبوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا ، صوبے ایک روپیہ خرچ کرتے تو وفاق وہاں دو روپے خرچ کرتا۔ ہم حالت جنگ میں ہوں توکبھی ایسا ہوتا ہے کہ حکومت کہے کہ ہم اپنے سپاہیوں کو ہتھیار نہیں دیں گے۔اجلاس میں 18ویں ترمیم اور سندھ کو نشانہ بنایا گیا، آپ ہمیں گالی نہ دیں ، کردارکشی نہ کریں، ہم پیسے اپنے لیے نہیں عوام کی جان بچانے کیلئے مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء نے ختم ہوجانا ہے، ہم نے الیکشن میں بھی جانا ہے، پھر جتنی گالی دینی ہوئی دے دینا، لیکن اس وقت ہمیں وباء کا مقابلہ کرنا چاہیے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ نے عوام کو ریلیف دینا چاہا، تو گورنر سندھ نے ریلیف آرڈیننس پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ وفاق کی مس مینجمنٹ سے کورونا پھیلا، وزیراعظم اسمارٹ ،سافٹ لاک ڈاؤن کافیصلہ کرنا چاہتے ہیں تو کریں، لیکن ہر فیصلے کے نتائج ہوتے ہیں۔مکمل لاک ڈاؤن کے بہترنتائج ملے ہیں۔جبکہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے کیسز اور اموات بڑھیں گی۔سندھ حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنے کو تیار ہے، ہم آپ کے ساتھ بیک ڈور بیٹھنے کو بھی تیار ہیں، آپ اپنی بیٹنگ لائن کو تبدیل کریں، ان لوگوں کو فرنٹ لائن پر لائیں، جو سمجھدار اور تجربہ کار ہوں، جن کو تمیز ہو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں