وزیر اعلیٰ سندھ کا پیر سے صوبے بھر میں تمام مارکیٹیں کھولنے کا اعلان، احتیاطی تدابیر تاجروں کی ذمہ داری ہو گی

کراچی(پی این آئی)وزیر اعلیٰ سندھ کا پیر سے صوبے بھر میں تمام مارکیٹیں کھولنے کا اعلان، احتیاطی تدابیر تاجروں کی ذمہ داری ہو گی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں شاپنگ مالز کے علاوہ تمام مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے تاجروں سے

کاروبار کھولنے سے متعلق بات چیت کےلیے خصوصی ملاقات کی، اس موقع پر مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ میں شاپنگ مالز کے علاوہ پیر سے تمام مارکیٹیں صبح 6 بجے سے شام 5بجے تک کیلئے کھلیں گی، مارکیٹیں ایس او پی کے تحت کھولی جائیں گی۔انہوں نے متنبہ کیا کہ ایس او پی پر عمل درآمد کی ذمہ داری تاجروں پر ہوگی، سماجی فاصلے پر سختی اور خصوصی توجہ دینا ہوگی، اگر کیسز بڑھتے ہیں تو پھر مزید سخت فیصلے لینے پڑیں گے۔وزیراعلیٰ کا کرونا کی تازہ صورت حال سے متعلق کہنا تھا کہ سندھ میں کرونا کے 12ہزار مریض ہیں، لاک ڈاو¿ن سے آپ لوگوں کا بزنس متاثر ہوا ہے، کراچی میں آبادی زیادہ ہے، یہاں زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ نماز کے دوران سماجی فاصلے جیسے سخت فیصلے کرنے پڑے، دل دکھتا ہے اتنے سخت فیصلے کرتے ہوئے، مجبوری کے تحت اقدام کیے گئے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت تک 189 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ 9210 مریض زیر علاج ہیں۔ آج 61 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، صحتیاب ہونے والے مجموعی مریضوں کی تعداد 2081 ہے، مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ سندھ بھر کے 709 جبکہ کراچی میں 548 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔بعد ازاں وزیراعلی سندھ نے تاجروں کے تحفظات سنے اورکل صبح 6 سے شام 5 بجے تک تمام دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی تاہم انہوں نے تاجروں سے گارنٹی لی کہ ایس او پیز پر100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ترجمان وزیراعلی سندھ ،سیکریٹری داخلہ نے تاجروں کو بتایا کہ کون سے کاروبار کھلیں گے اورایس او پیز کیا ہوں گی جس میں بتایا گیا کہ دکانوں کے اندر اور گاہکوں میں تین فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔دوسری جانب تاجر رہنما سراج قاسم تیلی نے وزیراعلی سندھ کے اقدامات اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جان ہے تو مال ہے، اس وائرس کی ایس او پیز پر ہمیں عمل کرنا ہوگا، ہمیں ہر شخص تک ایس او پیز پہنچانی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close