اسلام آباد (پی این آئی )ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قائم ہونے والا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی )ملک بھر سے معلومات اکٹھی کر کے اس کے مطابق سفارشات تیار کر کے اعلیٰ قیادت کو فیصلہ سازی کے لیے فراہم کر رہا ہے،این سی او سی
کے تحت متاثرہ علاقوں کو لاک ڈاون کیا جا رہا ہے ۔مشیر اطلاعات فردو س عاشق اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج جمعہ ہے ،اللہ سے دعا ہے اس وائرس سے جلد چھٹکارا حاصل ہو ،اس وبا نے عالمی ماحول کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے ،اس ماحول میں پاکستان ایک قوم بن کر سامنے آئی ہے ،26فروری سے ہم نے بطور قوم بخوبی اس وائرس کا مقابلہ کیا ہے ،حکومت بروقت اقدامات کر رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر بہادر ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل ٹیموں ،سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جو فرنٹ لا ئن پر لڑ رہے ہیں ۔پاکستان کے علما کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس نازک وقت کے دوران پوری قوم کو اتحاد کا پیغام دیا اور شعور بیدار کیا ۔میڈ یا کا بھی شکریہ اداکرنا چاہوں گا جنہوں نے ان حالات میں اچھا کام کیا ،اس میں کوئی شک نہیں کہ اس جنگ کو جیتنے کے لیے میڈ یا کا بھر پور تعاون درکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اس وقت فوج اپنے تمام وسائل بروے کار لا رہی ہے ،آرمی چیف کی ہدایت ہے کہ عوام تک پہنچ کر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے ۔میجر جنر ل بابر افتخار نے کہا کہ این سی او سی نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کے تحت کام کررہی ہے ،یہ آپریشن نرو سنٹر ہے جو تمام قومی جدو جہد کو دیکھ رہی ہے ،این سی او سی کو عمر چیمہ ہیڈ کرتے ہیں اور اس میں تمام متعلقہ وزیر اور صوبائی حکومتیں آ ن بورڈ ہیں جن سے معلومات حاصل کی جاتی ہے ،ان معلومات پر غور کر کے سفارشات تیار کی جاتی ہیں جو کہ نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی تک پہنچائی جاتی ہیں جس کی صدارت وزیراعظم کر رہے ہیں ،وہ ان سفارشات کے تحت فیصلہ سازی کرتے ہیں ۔این سی او سی ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور آن گراؤنڈ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اب تک اس سے لاکھوں لوگ ٹریک اینڈ ٹریس کیے جا چکے ہیں اور ان لوگوں کو پیغامات پہنچائے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جیسے فردوس عاشق اعوان نے بتا یا کہ ہم مکمل لاک ڈاون نہیں کر سکتے اس لیے این سی او سی کو حاصل ہونے والی معلومات کے تحت مختلف متاثرہ علاقوں کو آئسو لیٹ کر نے کے لیے لاک ڈاون کیا جاتا ہے ۔این سی او سی کی مدد سے مختلف صوبوں کو ضرورت کے مطابق سامان پہنچا یا جا رہا ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ این سی او سی ایک ون ونڈو آپریشن ہے جہاں ایک چھت کے نیچے بیٹھ کر تمام صوبے اور ضروری وزراتیں کام کر رہی ہیںاور اعلیٰ قیادت کو بروقت اقدامات لینے کے لیے سفارشات بھیجتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی آفت ہے جس سے اتنے بڑے پیمانے پر پہلی بار سامنا پڑا ہے ،ان حالات میں عوام کا ریاست سے تعلق درکار ہے اس کے تحت ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں ۔اچھا مسلمان ہونے کے ناطے ارد گرد کے افراد کو محفوظ رکھنا فرض ہے ،اللہ پاکستانی قوم ،کشمیریوں اور انسانیت پر رحم فرمائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں