خبردار !!!پی ٹی اے کی جانب سے بڑا انتباہ جاری

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستانی شہریوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے فنگر پرنٹس دینے میں انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق جعلساز مختلف حیلوں بہانوں سے شہریوں کے انگوٹھے اور انگلیوں کے نشانات حاصل کر رہے ہیں، ان کا خاص ہدف سادہ لوح افراد اور خواتین ہیں۔ فراڈیے فری سم کارڈ یا امدادی اسکیموں کا جھانسہ دے کر فنگر پرنٹس حاصل کرتے ہیں اور بعد میں ان سموں کو سنگین جرائم میں استعمال کیا جاتا ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اپنی سم کسی دوسرے شخص کو دینا قانونی جرم ہے کیونکہ آپ کے نام پر رجسٹرڈ سم سے ہونے والا جرم آپ کے خلاف بھی استعمال ہو سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ معلوم کریں کہ کتنی سمیں ان کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ ہیں۔ اس کے لیے قومی شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس کریں اور غیر متعلقہ سموں کو فوری بلاک کروائیں۔

مزید معلومات یا مدد کے لیے شہری پی ٹی اے کے ٹول فری نمبر 0800-55055 پر یا ویب سائٹ pta.gov.pk پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close